ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کرناٹک وزارتی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کے سواکسی کارپوریشن یا بورڈ کی صدارت منظورنہیں

کرناٹک وزارتی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کے سواکسی کارپوریشن یا بورڈ کی صدارت منظورنہیں

Thu, 18 Aug 2016 20:58:36    S.O. News Service

 

سابق وزیر کرناٹک قمر الاسلام کا عہد 

گلبرگہ، 18؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)رکن اسمبلی گلبرگہ وسابق وزیر کرناٹک الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام نے کل اپنی رہائش گاہ گلبرگہ میں ایک پر ہجوم صحافتی کانفرینس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف منسٹر سدرامیا کی کابینہ سے ان کی علیحدگی پر انھیں غصہ ہے یا نہیں ہے انھیں اس کی فکر نہیں ہے لیکن انھیں فکر ملت اور اپنے علاقہ کے لوگوں کے غم و غصہ کی ہے کہ کہیں اس کے سبب کانگریس کو 2018کے اسمبلی انتخابات میں اور 2019کے پارلیمانی انتخابات میں گلبرگہ کی نشستوں سے ہاتھ دھونا نہ پڑ جائے ۔کانفرینس میں جب الحاج قمر الاسلام سے کہا گیا ایسا سنا جارہا ہے کہ جن وزراء کو کابینہ سے نکالا گیا ہے انھیں راضی رکھنے کے لئے حکومت مختلف بورڈس اور کارپویشنوں کی صدارت دینے کا منصوبہ بنارہی ہے اگر آپ کو کسی کارپوریشن کی صدارت سے نوازا جاتا ہے تو کیا آپ اسے قبول کرلیں گے ، الحاج قمر لاسلام نے کہا کہ وہ ہر گز اس طرح پیش کش کو قبول نہیں کریں گے ۔ وہ اسے اپنی توہین سمجھیں گے کیونکہ وہ وزارتی کابینہ میں رہتے ہوئے شمالی کرناٹک کے مسلمانوں ، اقلیتی طبقات اوریہاں کے مسائل کی نمائیندگی کرنا چاہتے ہیں ۔ اپنے علاقہ سے متعلق کابینہ کے تمام اہم فیصلوں میں خود کو شامل رکھنا چاہتے ہیں ۔ایکک اور سوال کے جواب میں کہ کیا چیف منسٹر سدرامیا نے انھیں کسی کارپوریشن کی صدارت قبول کرنے کی پیش کش کی ہے تو الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ چیف منسٹر نے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی کانگریسی قیادت ان کے ساتھ اور مسلم اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے بخوبی واقف ہے۔ اس کا اظہار حال ہی میں دہلی میں صدر کانگریس محترمہ سونیا گاندھی اور سینئیر کانگریسی قائیدین نے گلبرگہ کے ایک وفد سے کیا ہے ۔ 
جب الحاج قمر الاسلام سے دریافت کیا گیا کہ انھوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں کیا فیصلہ کیا ہے تو انھوں نے جواب میں کہا کہ وہ صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کریں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا نے انسے بات چیت کی ہے اور نھیں جنتا دل سیکولر میں شامل ہوجانے کی دعوت بھی دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ مسٹر دیوے گوڑا کا بہت احترام کرتے ہیں کیونکہ وہی انھیں سابق میں پارلیمینٹ کا رکن منتخب کروانے اور قومی سیاست میں لانے کے ذمہ دار رہے ہیں ۔ 
سیاسی اور عوامی حلقوں میں آج کل الحاج قمر الاسلام کے ضمن میں اس طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ انھیں دوبارہ ریاستی کابینہ میں شامل کئے جانے کے قوی امکانات ہیں اور اگر کانگریس ان کی مقبولیت اور علاقہ حیدر آباد کرناٹک میں ان کی موثر قیادت کو سمجھنے میں کوتاہی برتتی ہے تو ان قیاس آرائیوں کے مطابق الحاج قمر الاسلام کوئی او ر فیصلہ بھی کرسکتے ہیں ۔ صحافتی کانفرینس میں صدر گلبرگہ ڈیولوپمینٹ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اصغر چلبل بھی شریک تھے ۔ 


Share: